وزیر اعلیٰ کی عمران خان سے ملاقات ,گلگت بلتستان میں سیلاب سے ہونیوالے نقصانات سے آگاہ کیا

ایجنسیز/وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالا میں خصوصی ملاقات کی اور گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونیوالے نقصانات اور صوبائی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کو وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے امور میں غیر ضروری مداخلت اور مقامی کارندوں کے ذریعے صوبائی حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں سے آگاہ کیا اور گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر عمران خان کوبتایا کہ تحریک انصاف کی سابق وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کی معاشی سمت درست کرنے کیلئے اعلان کردہ پیکیج اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کو حالیہ بجٹ میں نظر انداز کیا گیا ہے ۔

* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *

انہوں نے اس موقع پر عمران خان کو گلگت بلتستان کی سالانہ گرانٹ اور ترقیاتی بجٹ میں کی جانیوالی کٹوتی اور گلگت بلتستان جیسے حساس خطے کو غیرمستحکم کرنے کی سازشوں پر بھی اعتماد میں لیا۔

وزیر اعلیٰ نے چیئرمین تحریک انصاف کو پی ڈی ایم کی وفاقی حکومت کی جانب سے گندم سبسڈی پر عوام کو گمراہ کرنے کی سازشوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کی گندم سبسڈی میں صوبائی حکومت کی جانب سے اضافہ کرنے کے مطالبے کو نظر انداز کیا،انھوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے ہو شربا مہنگائی کی وجہ سے گلگت میں گندم کی ایک بوری ساڑھے سولہ ہزار میں پڑتی ہے مگر گندم سبسڈی میں اضافے کے بجائے کٹوتی کی گئی اور اب پی ڈی ایم ملبہ صوبائی حکومت پر گرانے کی سازش کر رہی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نامساعد حالات کے باوجود وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر قیادت سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کیلئے کئے جانے والے قدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ تحریک انصاف دوبارہ وفاق میں بر سر اقتدار آکر گلگت بلتستان کیلئے اعلان کردہ معاشی پیکیج پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے گی اور عبوری آئینی صوبہ بنا کے گلگت بلتستان کے ساتھ روا رکھے گئے سوتیلے سلوک کی تلافی کریگی۔

عمران خان نے وزیر اعلی خالد خورشید کو ہدایت کی کہ تحریک انصاف کے منشور کے عین مطابق کرپشن کے خاتمے اور سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے ٹھوس اقدامات کیلئے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اور تمام کارکن بھرپور کردار ادا کریں۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>