سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے ججز کو پنشن اور دیگر مراعات دینے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت

ایجنسیز/٢٣دسمبر/سپریم کورٹ میں سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے ججز کو پنشن اور دیگر مراعات دینے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کے اعتراضات کے خلاف اپیل پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ان چیمبر سماعت کی۔سپریم کورٹ نے درخواست گزار کو سابق جج رانا شمیم اور نواز عباسی کے فیصلوں کے حوالے سے پٹیشن میں ترمیم کرکے الگ الگ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی۔

درخواست گزار محمد ابراہیم اور ان کے وکیل عارف چوہدری ان چیمبر اپیل میں جسٹس اعجازالاحسن کے سامنے پیش ہوئے ۔سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اپنا یا گیا ہے کہ سابق چیف جج سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان نواز عباسی نے اپنی مدت ملازمت کے دوران اپنی پنشن اور مراعات کیلئے ایک فیصلہ دیا۔

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے اپنی پنشن اوردیگر مراعات کیلئے دو فیصلے دیئے۔دونوں ججز نے اپنی تین سالہ مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ کے ججز کی 65 سال مدت ملازمت کے برابر پنشن اور دیگر مراعات لینے کے فیصلے دیئے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کسی ذاتی مفاد کیلئے عدالت نہیں آئے بلکہ اس کیس سے انسانی بنیادی حقوق اور مفاد عامہ جڑے ہیں۔درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ کسی بھی جج یا سرکاری ملازم کیلئے پنشن اور ریٹائرمنٹ مراعات کیلئے عمر کی ایک حد یا معیاد مقرر ہوتی ہے۔

گلگت بلتستان کی سپریم اپیلیٹ کورٹ میں چیف جج اور ججز صرف تین سال کیلئے تعینات کئے جاتے ہیں۔ تین سال ملازمت کرنے والا جج کسی بھی طرح پنشن اور دیگر مراعات کا حقدار نہیں ہوتا ہے۔سپریم کورٹ   2013 میں فیصلہ دے چکی ہے کہ پانچ سال مدت ملازمت سر انجام دینے والے جج ہی پنشن اور دیگر مراعات کے حقدار ہوں گے۔

عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ اپنی پٹیشن میں تینوں فیصلوں کو الگ الگ تاریخ کے مطابق ترمیم کر کے چیلنج کریں۔عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ درخواست گزار محمد ابراہیم ایڈووکیٹ نے وزارت کشمیر اور گلگت بلتستان کونسل کو بذریعہ سیکرٹری فریق بنایا ہوا ہے۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>