مکل رائے کی گھر واپسی، ممتا نے کی خیر مقدم

ایجنسیز/12جوج/ بنگال کے وزیر اعلی ممتا نبینرجی ے مزید کئی لیڈروں کی واپسی کا اشارہ دیا۔
ریاست میں زعفرانی پارٹی کو سابقہ پوزیشن پر پہنچادینے کی قیاس آرائیاں، مکل رائے نے پیش گوئی کی کہ کوئی بی جےپی میں نہیں رہےگا۔

مغربی بنگال میں اسمبلی الیکشن میں شرمناک ہار سے دوچار ہونے کے بعد بی جےپی کیلئے اپنے خیمے کو سلامت رکھنا بھی مشکل ہورہاہے۔ بی جےپی کے قومی نائب صدر مکل رائے نے جمعہ کو اپنے بیٹے سبھرانشو رائے کے ساتھ ممتا بنرجی، ابھیشیک بنرجی اور ٹی ایم سی کے دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں ٹی ایم سی میں شمولیت اختیار کرلی۔ مکل رایے نے کہا کہ
یہی حال رہا تو بی جےپی میں کوئی نہیں رہےگا۔

ٹی ایم سی جس کے قیام میں وہ بھی شامل تھے، میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل مکل رائے ٹی ایم سی کے ہیڈ کوارٹرز پہنچے اور اس کمرے میں گئے جسے وہ چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔ ساڑھے ۳؍ سال قبل مکل رائے نے جب بی جےپی کا دامن تھاما تھا، تب وہ ٹی ایم سی کے قومی جنرل سیکریٹری تھے جو پارٹی میں صدر کے بعد دوسری اہم پوسٹ ہے۔

میڈیا سے گفتگو سے قبل اپنے سابق کمرے میں پہنچنے کےبعد مکل رائے کا کہنا تھا کہ ’’میں اس کمرے میں آکر اور اپنے پرانے لوگوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوں۔‘‘ بعد میں پریس کانفرنس میں ممتا بنرجی کو ’’ہماری لیڈر‘‘ اور ’’ملک کی لیڈر‘‘ کہہ کر پکارتے ہوئے مکل رائے نے کہا کہ ’’میں بی جے پی میں نہیں رہ سکا، میں وہاں رہنا بھی نہیں چاہتا تھا۔اسی لئے میں اپنے پرانے گھر لوٹ آیا ہوں۔‘‘ انہوں نے پیش گوئی کی کہ ’’کوئی بی جےپی میں نہیں رہےگا۔ ہم دیکھیں گے کہ ابھی اور کتنے لوگ (ترنمول میں ) واپس آتے ہیں۔‘‘

پارٹی میں غداروں کیلئے کوئی جگہ نہیں: ممتا بنرجی
ٹی ایم سی میں مکل رائے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے اس بات پر زور دیا کہ انہوں نے بی جےپی میں رہتے ہوئے ٹی ایم سی کے خلاف کبھی کچھ نہیں کہا۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ نے مکل رائے کے ساتھ بی جےپی میں جانے والوں کو بھی ٹی ایم سی میں شامل کرنے پر آمادگی ظاہر کی مگر یہ واضح پیغام دیا کہ ’’غداروں‘‘ کیلئے ٹی ایم سی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ان کا اشارہ ان لیڈروں کی طرف تھا جنہوں نے بی جےپی میںجانے کے بعد پارٹی اور ممتا بنرجی کو پوری شدت سے نشانہ بنایا۔ ان نشانہ بنانے والوں میں سابق ٹی ایم سی لیڈر شوبھندو ادھیکاری بھی شامل ہیں۔

مکل رائے ۲۰؍ جون کو اپنی واپسی کی وجہ بتائیں گے
مکل رائے نے بی جے پی سے اپنی واپسی کی وجہ کےتعلق سے بتایا کہ وہ ’’آج اپنے گھر میں واپس آئے ہیں۔ ۲۰؍ جون کووہ عوام کے سامنے تفصیل سے اپنی بات رکھیں گے کہ انہوں نے بی جے پی کیوں چھوڑی ۔ ‘‘تاہم انہوں نے کہا کہ’’ اس وقت بنگال میں جو صورت حال ہے اس میں کوئی بھی بی جےپی میں رہنا پسند نہیں کرے گا۔‘‘جمعہ کی صبح مکل رائے کے ترنمو ل کانگریس میں شامل ہونے کے اشارے ملتے ہی بی جے پی کے سینئر لیڈر کیلاش وجے ورگیہ اور دیگر نے مکل رائے کو فون اوران سے رابطہ کی کوشش شروع کردی تھی تاہم انہوں نے بی جے پی لیڈروں سے گفتگو نہیں کی اور دوپہر کو اپنے صاحبزادے کے ساتھ ترنمو ل کانگریس بھون پہنچ گئے۔ ترنمول کانگریس بھون میں مکل رائے کا خیر مقدم ابھیشیک بنرجی نے کیا ۔

ممتا بنرجی اور مکل رائے میں ۲؍گھنٹے کی میٹنگ
اس کے بعد ممتا بنرجی بھی پہنچ گئیں اور دونوں لیڈروں کے درمیان دو گھنٹے سے زاید میٹنگ ہوئی۔ طویل میٹنگ کے بعد ممتا بنرجی مکل رائے اور پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ اسٹیج پر پہنچیں تو ابھیشیک بنرجی نے مکل رائے کے تئیں ادب و احترام کا مظاہر ہ کیا۔ ممتا بنرجی بھی اپنے لئے رکھی گئی مخصوص کرسی پر بیٹھنے کے بجائے عام کرسی منگوا کراس پر بیٹھیں ۔

بی جےپی کو زبردست جھٹکا، بنگال میں الٹی گنتی شروع!
بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد مکل رائے کی ترنمول میں شمولیت پارٹی کیلئے بڑا جھٹکا ہے۔ یہ وزیراعظم مودی کیلئے ذاتی طورپر بھی جھٹکا سمجھا جارہا ہے جنہوں نے ابھی چند روز قبل مکل رائے سے گفتگو کی تھی۔ دوسری طرف ممتا بنرجی نے اپنے سابق لیڈر کو منانے کی خود کوئی کوشش نہیں کی بلکہ اپنے بھتیجے کو یہ ذمہ داری سونپ کر جہاں اپنا قد بلند کرلیا وہیں یہ واضح پیغام بھی دیا کہ ابھیشیک بنرجی کو بی جےپی بھلے ہی نشانہ بنائے پارٹی میں ان ہی کا دبدبہ برقرار رہےگا۔

پارلیمانی الیکشن میں مکل رائے کا اہم رول تھا
مکل رائے چانکیہ کے طور پر مشہور رہے ہیں۔ ۲۰۱۹ءکے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو ۱۸؍ سیٹ دلانے میںا ن کا اہم کردار رہا ہےمگر ۲۰۲۱ء کے اسمبلی الیکشن میںا نہیں کنارہ لگادیا گیا تھا۔مکل رائے کو ایسی سیٹ سے امیدوار بنایا گیا جہاں کیلئے وہ بالکل نئے تھے۔تاہم وہ جیتنے میں کامیاب رہے ۔نتائج کے بعد سے ہی مکل رائے کی ناراضگی کی خبر گردش کررہی تھی۔وہ اور ان کی اہلیہ کورونا کی شکار ہوگئیں مگر بی جے پی لیڈروں نے ان کی خبر گیری نہیں کی جبکہ ابھیشیک بنرجی نے اسپتال پہنچ کر سب کو حیران کردیا تھا۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>