جی بی میں فیسٹیولز ملتوی، تنخواہیں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے مشروط

ایجنسیز/29/گلگت بلتستان میں بڑھتے کروناکیسز کے باعث گھرگھرویکسی نیشن مہم شروع کرنے کافیصلہ کرلیاگیا ہے ۔جبکہ گلگت ڈویژن میں یکم جولائی سے سکول بندکئے جارہے ہیں یہ فیصلے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کئے گئے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کرونا ویکسی نیشن اور گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستا ن میں کرونا وائراس کے کیسز میں اضافہ ہورہاہے۔

حکومت شہروں کو بند کرنا نہیں چاہتی ہے تاجر حضرات ، سول سوسائٹی اور عوام حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ویکسی نیشن کرائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ وائرس سے بچائو کیلئے ویکسی نیشن سنٹرز میں اضافہ کیا جائے ۔ عوام کو ان کی دہلیز پر کرونا وائرس کی ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جائے۔

پہلے مرحلے میں گلگت ، سکردو، دیامر اور سیاحتی مقامات کی آبادی کو ویکسی نیشن کیلئے فوکس کیا جائے۔ ایک ماہ میں شہری اور سیاحتی مقامات میں رہنے والی آبادی کی ویکسی نیشن کا عمل مکمل کیا جائے۔کرونا وائرس کی ویکسی نیشن کی افادیت اور اہمیت کے حوالے سے علمائے کرام کے تعاون سے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم شروع کی جائے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے میں تمام فیسٹیولزکو فوری طور پر ملتوی (Postponed)کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ماسک کا استعمال نہ کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کئے جائیں۔

تمام سرکاری ملازمین کو کرونا ویکسی نیشن لازمی قرار دیا جائے اور جولائی سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو کورونا وائرس سرٹیفکیٹ سے مشروط قرار دیا جائے جو سرکاری ملازم کورونا ویکسی نیشن نہیں کرائے گا اس کی تنخواہ جولائی سے روک دی جائے گی۔

گلگت ڈویژن کے سکولوں میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر یکم جولائی سے گلگت ڈویژن کے سکولزکو بند کئے جائیں گے۔ خالد خورشید نے کہا کہ تمام دکانداروں، بیکری میں کام کرنے والوں، ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ افراد اور پیٹرول پمپس پر کام کرنے والوں کے لئے کرونا ویکسی نیشن لازمی قرار دی جائے جو کرونا ویکسی نیشن نہیں کرائیں گے ان کے کاروبار بند کئے جائیں ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو پابند کیا جائے کہ اپنے متعلقہ اضلاع میں محکمہ صحت کے ساتھ مل کر ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کریں۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>