نلتر، مسافر وین پر فائرنگ، 6افراد جاں بحق، 3ملزمان گرفتار

ایجنسیز/26مارچ/گلگت کے نواحی علاقہ نلتر پائین میں دہشتگردی کے ایک واقعہ میں 6افراد جان بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کے روز اس وقت پیش آیا جب گلگت شہر سے نلتر بالا جانے والی مسافر وین پر نلتر پائین کے قریب نامعلوم دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے اس واقعہ میں ایک خاتون سمیت چھ افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی سمیت سات زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں اور زخمیوں کو پی ایچ کیو اور سٹی ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔ پانچ زخمیوں کو پی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

ترجمان پی ایچ کیو کے مطابق پانچوں زخمیوں کی حالت بہتر ہے، انہیں معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔دہشتگردی کے واقعہ کےخلاف سلطان آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین نے شاہراہ قراقرم کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا جبکہ گلگت ریورویو روڈ پر بھی ٹوئن برج چنار باغ میں مظاہرین نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ہر قسم کی أمد ورفت کیلئے بند کر دی۔

* Click to Follow Voice of Ladakh on WhatsApp *

گلگت شہر میں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی خوف وہراس پھیل گیا مارکیٹیں بند اور سڑکیں سنسان ہوگئیں جبکہ رات کو احتجاجی مظاہرین نے وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا ۔احتجاجی دھرنے کے باعث سڑک ہر قسم کی أمد ورفت معطل ہو گئی۔

وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے احتجاجی دھرنے میں وزیر اطلاعات فتح اللہ خان، وزیر صحت گلبر خان، وزیر اعلیٰ کے کوارڈنیٹر حیدر خان، اراکین اسمبلی حاجی رحمت خالق اور انجینئر انور خان پہنچ گئے اور دھرنا ختم کرنے کیلئے مذاکرات کیے ،دھرنے میں عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین سلطان رئیس اور راہ حق پارٹی کے چیئرمین حمایت اللہ بھی شریک ہوئے۔

وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین میتوں کی تدفین کر دیں، حکومت دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے گی۔

وزیر صحت نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور لواحقین کو انصاف دلائیں گے۔

ادھر ایس ایس پی مرزا حسن نے کہا ہے کہ مسافر وین پر فائرنگ میں ملوث تین ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کا تعلق نلتر پائین سے ہے۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور ملزموں کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس کوشش کررہی ہے۔ دسری جانب کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر شاہراہ قراقرم پر بھی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیدیا گیا۔

ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق کوئیک رسپانس فورس، پولیس، رینجرز اور گلگت بلتستان سکاوٹس کی بھاری نفری نلتر میں تعینات کر دی گئی ہے۔ جائے وقوعہ اور متعلقہ علاقوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی، ڈی سی، ایس اسی پی موقع پر موجود ہیں اور کارروائی کی قیادت کر رہے ہیں۔

گورنر راجہ جلال حسین مقپون نے نلتر واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے سیکرٹری ہوم اور کمشنر گلگت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔گورنر نے کہا ہے کہ افسوسناک واقعہ کے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں نلتر پائین پہنچ گئی تھیں۔ پولیس نے واقعہ میں ملوث تین اہم ملزمان کو پانچ گھنٹے کے اندر گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔گرفتار ملزمان میں ا۔ شریف الدین ولد مہر علی، طاہر حسیں ولد اسماعیل، واجد حسین ولد ولایت علی ساکنان نلتر پائین شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگری ایکٹ کے تحت مقدمہ قائم کر کے جوائنٹ انوسٹیگیشن ٹیم بنا دی گئی ہے۔ اس سے قبل جاری بیان میںڈی آئی جی آپریشنز گلگت اویس احمد نے کہا کہ نلتر کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>