جی بی: وزیراعلیٰ خاطر خواہ فنڈزحاصل کرنے میں کامیاب،،وزیر اطلاعات

ایجنسیز/وزیر اطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے سابق وزیراعلیٰ کے ایک بیان پررد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر سنجیدہ ٹولہ وہ ہے جس نے مستقبل کی منصوبہ مندی کئے بغیر حکومت کی بھاگ دوڑ اپنے ہاتھوں میں رکھی اور خالی خزانے  کے ساتھ حکومت ہمیں منتقل کی۔ اب گرانٹ ان ایڈ سے چلنے والے صوبے کو چلانے کیلئے فنڈز درکار تھے جس کے حصول کیلئے وزیر اعلی گلگت بلتستان کی وفاقی حکومت کے ساتھ تواتر سے ملاقاتوں نے یہ ممکن بنا دیا کہ وفاقی حکومت نے خاطر خواہ فنڈز دے دیئے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق وزیر اعلی عوام کی جانب سے رد کئے جانے کے بعد جھنجھلاہٹ کا شکار ہو کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش تو کر رہے ہیں مگر وہ بھول گئے کہ خزانے پہ انتہائی غیر ضروری بوجھ ڈال کر جانے والی مسافر لیگ کی حکومت نے ذاتی مفاد کو عوامی مفادات پر مقدم رکھا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ 90 ارب روپے کا بوجھ پڑ گیا۔ غیر ضروری منصوبے جن سے براہ راست عوام کو فائدہ نہ پہنچتا ہو بلکہ مخصوص طبقہ کا فائدہ ہو ھر گز عوامی خزانے پربوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔وزیر اطلاعات گلگت بلتستان نے کہا کہ صحت کے میدان میں انقلابی تبدیلیوں کے دعویدار ، تعلیم کے شعبے میں کام کرنے کا ڈھونگ رچانے والے سابق وزیر اعلی اپنے ضمیر سے پوچھ لیں کہ انہوں نے کس طرح ان دونوں شعبوں کا تباہی کے دہانے پہ پہنچا کر رکھ دیا۔ آج گلگت بلتستان کی قوم چاہتی ہے کہ اس تباہ شدہ نظام کو درست کرنے کیلئے وزیر اعلی نے قیام اسلام آباد کے دوران ان تھک محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت زندگی کے ہر شعبے میں بہترین تبدیلی جلد آئے گی اور اس کامیابی کا سہرا وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان کے سر جاتا ہے جنھوں نے رات دن ایک کر کے مختلف وزارتوں سمیت وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو گلگت بلتستان کے مسائل سے آگاہ کیا اور انھیں ان تمام مسائل کے حل پرآمادہ کیا۔سرکاری کوریج وزیر اعلی کے پروٹوکول کا حصہ ہے تاکہ عوام جان سکیں کہ ان کے نمائندے ان کیلئے کیا کر رہے ہیں اور اس کو سیلفیوں کا نام دینا کم ظرفی کی ایک علامت ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے اسلام آباد میں جو کام اس دوران کئے سابق وزیر اعلی پانچ سالوں میں نہیں کر سکے۔ بہت جلد عوام دیکھے گی کہ ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ میں اضافے کے علاوہ اضافی فنڈز بھی مل ملیں گے جس سے عوام کوریلیف مل جائے گا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی عوام کو روزگار دینے کیلئے نت نئے منصوبوں پرکام کر رہے ہیں اور انہوں نے ان دنوں میں ہی سیاحت پر جامع پالیسی اور کئی منصوبوں پرکام کیا جن کے نتائج جلد ہی عوام کے سامنے آئیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی کو صوبے میں بجلی بحران کا احساس ہے جس کے بارے انہوں نے کئی فورم پر بات کی اور پالیسی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>