فلسطینی بچہ بچہ اٹھا لے ہتھیار ، فیصلہ کن گھڑی آ گئي ۔ فلسطینی تنظیموں کا اعلان

ایجنسیز/غزہ کے رہائشی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے تازہ حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے، شہید ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں –

غاصب صیہونی حکومت نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات سے اتوار کی صبح تک غزہ کے مختلف رہائشی علاقوں کو مسلسل جارحیت کا نشانہ بنایا جبکہ اس کے ان حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

غزہ میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے تازہ حملوں میں دس فلسطینی شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ بعض زخمی فلسطینیوں کی حالت نازک ہے۔

شہید اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں-

دریں اثنا شہر الخلیل کے فوجی ٹاور پر تعینات صیہونی فوجیوں نے اتوار کے روز ایک فلسطینی کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وجدی ولید جعافرہ نامی ایک فلسطینی شہید ہو گيا ۔

غرب اردن کے شہر طولکرم میں بھی ہونے والی جھڑپوں کے دوران صیہونی فوجیوں نے یاسین حسن حمد نامی ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا۔ اس درمیان القسام بریگیڈ کے فوجی ترجمان ابوعبیدہ نے غرب اردن کے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سر زمین کو غاصب صیہونیوں کے لئے جہنم میں تبدیل کر دیں۔

ادھر فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ غزہ، گذشتہ پندرہ برسوں سے شدید محاصرے میں رہا ہے مگر اب اس نے مقبوضہ فلسطین کے شہروں میں صیہونیوں کے لئے عرصہ حیات تنگ کردیا ہے اور صیہونیوں کے زیرقبضہ شہروں میں ہو کا عالم ہے اور استقامتی محاذ کے جوابی میزائلی اور راکٹ حملوں کے باعث غاصب صیہونی اپنے اپنے گھروں اور پناہ گاہوں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں –

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ہم نے سخت انتباہ دیا ہے کہ مسجد الاقصی فلسطینیوں کی ریڈ لائن ہے اور نتن یاہو کو خبردار کر دیا گیا ہے کہ آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کرے اور جب تک ہم مسجد الاقصی اور بیت المقدس کو آزاد نہیں کرا لیتے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

حماس کے ترجمان فوزی برہم نے بھی سبھی فلسطینیوں سے کہا ہے کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جنگ کے لئے اٹھ کھڑے ہوں –

حماس کے ترجمان نے فلسطینیوں سے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ فلسطین کا ایک ایک بچہ اپنے ہاتھوں میں ہتھیار لے کر اسلامی مقدسات اور سرزمین فلسطین کے دفاع اور حقوق کی بازیابی کے لئے اٹھ کھڑا ہو-

انہوں نے کہا کہ اس وقت استقامتی محاذ نے صیہونی دشمن کو انتہائی مشکل حالات سے دوچار کردیا ہے اور صیہونیوں پر کاری ضرب لگ رہی ہے۔

0 Comments

Leave a Reply

XHTML: You can use these tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>